بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا جبکہ انہیں علاج کے سلسلے میں انٹرا ویٹریل انجکشن کی پانچویں ڈوز بھی دے دی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو گزشتہ رات سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کی آنکھ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ طبی معائنے کے بعد انہیں علاج کے تسلسل کے تحت انٹرا ویٹریل انجکشن لگایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان کو چار انٹرا ویٹریل انجکشن لگائے جاچکے ہیں اور موجودہ انجکشن اسی علاجی عمل کا حصہ ہے۔ طبی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی عمران خان کے طبی معائنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا فالو اپ چیک اپ اور ضروری علاج کیا گیا۔