وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دونوں شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
انہوں نے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج وطن کے دفاع کے لیے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کررہی ہیں اور ملکی سلامتی کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔