لیسکو کی ریکوری مہم تیز، جون میں بجلی بلوں کی اقساط پر پابندی عائد

image

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے جون کے دوران ریکوری اہداف حاصل کرنے کے لیے بجلی کے بلوں کی اقساط کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی ہے اور متعلقہ افسران کو واجبات کی مکمل وصولی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے تحت نہ صرف موجودہ بلوں بلکہ بقایا جات کی صورت میں بھی صارفین کو اقساط کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ مقررہ اہداف کے مطابق ہر ممکن طریقے سے ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کرنٹ بلز کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے بھی بقایا واجبات وصول کیے جائیں، جبکہ ریکوری مہم کے دوران گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو حکام نے منقطع کیے گئے بجلی کنکشنز کی بحالی کو بھی بقایا جات کی مکمل ادائیگی سے مشروط کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ واجبات کی ادائیگی تک ایسے کنکشن دوبارہ بحال نہیں کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کا مقصد جون کے اختتام تک ریکوری اہداف حاصل کرنا اور واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے، تاہم اس حوالے سے لیسکو کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US