پاکستان ستمبر میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹس کی چیئرمین شپ سنبھالنے کو تیار

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر رکن ممالک اور ایس سی او خاندان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم نے 2001 سے اب تک علاقائی امن، سلامتی، استحکام، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی اسپرٹ باہمی اعتماد، مساوات، ثقافتی تنوع کے احترام، مشترکہ ترقی اور تعمیری تعاون کی بنیاد پر آج بھی رکن ممالک کی رہنمائی کر رہی ہے اور 25ویں سالگرہ اس کی پائیدار اہمیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایس سی او میں مبصر سے 2017 میں مکمل رکن بننے تک کا سفر کثیرالجہتی تعاون سے وابستگی اور خطے کی صلاحیتوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان ایس سی او چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر مکمل یقین رکھتا ہے اور بین الاقوامی قانون اور اچھے ہمسائیگی کے فروغ کے لیے تنظیم کے مؤقف کو سراہتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں سال ستمبر میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹس (سی ایچ ایس) کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور 2027 میں سربراہ اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے، جو پاکستان کی علاقائی اور عالمی سطح پر قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون، علاقائی رابطہ کاری اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اور مستقبل پر مبنی ایجنڈے کو آگے بڑھاتا رہے گا۔

پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے جبکہ 2025-26 کے دوران ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر (ایس سی او-ریٹس) کی سربراہی بھی کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ غربت کے خاتمے سے متعلق خصوصی ورکنگ گروپ کی مستقل صدارت کے ذریعے خطے میں لاکھوں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع یوریشیائی رابطہ کاری کے لیے قدرتی پل کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایس سی او ممالک کے درمیان علاقائی اقتصادی و تجارتی انضمام کی ایک کامیاب مثال ہے۔

وزیر خارجہ نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں ایس سی او کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دینے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، غذائی تحفظ، موسمیاتی لچک، صحت، تعلیم، ڈیجیٹل جدت، پائیدار ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے شعبوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ خطے کو امن، ہم آہنگی اور مشترکہ خوشحالی کا مرکز بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US