بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تبدیلی، وظائف اب ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ملیں گے

image

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والی خواتین کے لیے بینظیر سم اور ڈیجیٹل والٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق بینظیر سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق جن خواتین نے پہلے ہی بینظیر سم حاصل کر لی ہے وہ اپنے متعلقہ بینک کے قریبی ریٹیلر سے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کروا کر فوری طور پر اپنا ڈیجیٹل والٹ فعال کروائیں تاکہ آئندہ ادائیگیوں میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکام نے بتایا کہ وہ خواتین جنہوں نے تاحال بینظیر سم حاصل نہیں کی، وہ اپنا زیر استعمال موبائل فون اور اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لے کر قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں۔ سم حاصل کرنے کے تین روز بعد متعلقہ بینک کے مجاز ریٹیلر کے پاس جا کر ڈیجیٹل والٹ کی فعال سازی مکمل کرنا ضروری ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق مستقبل میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام مالی وظائف ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے منتقل کیے جائیں گے، جنہیں مستحق خواتین پارٹنر بینک کے مجاز نمائندوں سے وصول کر سکیں گی۔

مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے مستحقین بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US