آزاد کشمیر میں انتخابی تیاریاں جاری، 27 جولائی کو ووٹنگ ہوگی

image

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور ان کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا، جس پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق عمل جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انتخابی شیڈول کا اجرا مکمل طور پر آئینی اور قانونی تقاضوں کے تحت کیا گیا ہے اور اسے کسی سیاسی مقصد یا بدنیتی سے جوڑنا درست نہیں۔ ان کے مطابق بروقت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، جس سے انحراف کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کر سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US