ایران جنگ نے امریکا کی ساکھ مکمل ختم کر دی، اسرائیل کے زوال کا عمل تیز کر دیا، جنرل اسماعیل قانی

image

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگی صورتحال نے امریکا کی عالمی حیثیت اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ ان کے بقول اسرائیل کے کمزور ہونے کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے۔

ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل قانی کا کہنا تھا کہ سخت دباؤ، بڑے پیمانے پر تباہی اور شدید حملوں کے باوجود مزاحمتی محور سے وابستہ کسی بھی گروہ نے پسپائی اختیار نہیں کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالف قوتوں کی جانب سے مختلف اقدامات کے باوجود مزاحمتی گروہوں نے اپنی مزاحمت اور استقامت برقرار رکھی، جس کے باعث ان کے مخالفین تشویش کا شکار ہیں۔

قدس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ خطے میں سرگرم مزاحمتی گروہوں نے ایران کی حمایت اور دفاع کے حوالے سے اپنے فیصلے خود کیے اور انہیں اس مقصد کے لیے تہران کی جانب سے کوئی براہِ راست ہدایت نہیں دی گئی۔

انہوں نے لبنان کی تنظیم حزب اللہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے محض ایک تنظیم کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا کیونکہ یہ معاشرے کے مختلف طبقات کی نمائندگی بھی کرتی ہے اسی لیے اسے ختم کرنا آسان نہیں۔

اسماعیل قانی کے مطابق عالمی برادری نے اب تک حزب اللہ کی صلاحیتوں کا صرف محدود پہلو دیکھا ہے جبکہ ان کے بقول تنظیم کی اصل طاقت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔

انہوں نے ایرانی مذاکراتی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کاروں نے ثالثی کرنے والے فریقوں کے ساتھ مکمل اختیارات کے تحت بات چیت کی اور اپنے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US