چکوال میں آسٹریلوی نژاد فیملی پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر سی سی ڈی حکام نے باضابطہ طور پر معافی مانگ لی ہے اور واقعے کو ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی اہلکار کی جانب سے فائرنگ کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی، جس کے نتیجے میں پیش آنے والا واقعہ ایک مجرمانہ غفلت کا نتیجہ تھا۔ حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کے دوران ٹارگٹ کی درست شناخت نہیں کی گئی، جس کے باعث بے گناہ شہری متاثر ہوئے۔
افسوسناک واقعہ 10 جون کی رات چکوال میں سی سی ڈی پولیس اسٹیشن کے باہر پیش آیا تھا، جہاں مبینہ طور پر فائرنگ کے نتیجے میں نوسالہ ہانیہ عدیل جاں بحق جبکہ اس کے والد اور بھائی زخمی ہوگئے تھے۔ اہلکار کی فائرنگ سے ڈاکو تو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم متاثرہ فیملی زد میں آگئی۔
ریجنل آفیسر سی سی ڈی شاہ میر خالد نے واقعے کو بدترین غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر شناخت کے سیدھی فائرنگ ایس او پیز کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ڈی کی تربیت اور طریقہ کار پر اٹھنے والے سوالات کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر نظرثانی کی جائے گی۔