پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے احترام میں صوبے بھر کے تمام تھیٹرز یکم سے 13 محرم الحرام تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران کسی بھی تھیٹر میں ڈرامہ، اسٹیج شو یا ثقافتی پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا، جبکہ تمام تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب لاہور میں محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے پانچ بڑے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے غیر معمولی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حساس مقامات پر پاک فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے، جبکہ فضائی نگرانی کے لیے ڈرون یونٹس مسلسل مانیٹرنگ کریں گے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت ٹھوکر نیاز بیگ، ماڈل ٹاؤن، شادمان اور پانڈو اسٹریٹ سمیت اہم جلوسوں پر خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔ جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چار حصار پر مشتمل سیکیورٹی نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ حساس عمارتوں اور بلند مقامات کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جاسکے۔