پاکستان میں ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی بڑھ رہی ہے، وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال

image

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے اور اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2030ء تک پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر آ سکتا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال اتنی آبادی پیدا ہو رہی ہے جتنی نیوزی لینڈ کی کل آبادی ہے جبکہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو 2050ء تک ملک کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہر سال 11 ہزار مائیں زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیں جبکہ 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جو ایک سنگین تعلیمی بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر سال 66 ہزار پرائمری اسکولز، 3600 پرائمری ہیلتھ یونٹس اور 6 کروڑ 50 لاکھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع درکار ہوں گے، جبکہ 2 کروڑ نئے گھروں کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پنجاب کے برابر وسائل حاصل کرنے کے لیے اپنی آبادی بھی اسی سطح پر لانا ہوگی، کیونکہ یہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم کا بنیادی اصول ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود کراچی میں پانی کا بحران ختم نہیں ہوگا اور ٹینکر مافیا کا نظام بدستور چلتا رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US