برطانیہ کے وزیر برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہیمش فالکنر نے اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران ہیمش فالکنر نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک مثبت موقع پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان سمیت اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ موجودہ سفارتی پیش رفت کو پائیدار استحکام میں تبدیل کیا جاسکے۔
دورے کے دوران برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 80 لاکھ پاؤنڈ کی اضافی مالی معاونت کا بھی اعلان کیا۔ اس فنڈنگ کے ذریعے سرحدی اور ویزا نظام کو مؤثر بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔