گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے سیاسی رابطے تیز

image

گلگت بلتستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان مخلوط حکومت کے قیام کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی گلگت بلتستان قیادت کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے مخلوط حکومت میں اسپیکر کے عہدے اور وزیر اعلیٰ کے بعض صوابدیدی اختیارات سے متعلق مطالبات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کی مقامی قیادت کے درمیان مذاکرات مکمل ہونے کے بعد مجوزہ فارمولے کو منظوری کے لیے مرکزی قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز میں مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے مزید تین حلقوں کے سرکاری نتائج جاری کر دیے ہیں۔ حلقہ جی بی اے 17 دیامر 3 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد نسیم 8 ہزار 954 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں۔

حلقہ جی بی اے 18 دیامر 4 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت الرحمن 6 ہزار 81 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ حلقہ جی بی اے 15 دیامر 1 سے آزاد امیدوار محمد دلپذیر 5 ہزار 962 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US