محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک، یعنی 17 جون سے 26 جون 2026 تک مؤثر رہے گا۔ اس دوران صوبے بھر میں سات مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف پہلے سے منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کو اجازت ہوگی، جبکہ کسی نئی مجلس، جلوس یا مذہبی روایت کے آغاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دفعہ 144 کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر عوامی مقامات پر اسلحے اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فرقہ وارانہ منافرت، مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے یا امن عامہ میں خلل پیدا کرنے والے نعروں، اشاروں، تقاریر، بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور صوبے میں مذہبی ہم آہنگی و امن و امان کی فضا برقرار رکھنا ہے۔