امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک چھوٹا نجی طیارہ حادثے کا شکار ہو کر ہائی وے پر گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ ٹیکساس کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے فوراً بعد فنی خرابی یا دیگر ممکنہ وجوہات کے باعث ہائی وے پر گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے وقت طیارے میں چھ افراد سوار تھے۔ مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں امریکا میں فضائی حادثات کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ریاست میسوری کے شہر بٹلر کے قریب ایک طیارہ حادثے میں تمام 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 11 اسکائی ڈائیورز اور ایک پائلٹ سوار تھا اور کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔
دوسری جانب امریکی میرین کور کا ایک ایف اے-18 ہارنیٹ جنگی طیارہ بھی واشنگٹن میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ تاہم پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچالی اور معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق حالیہ تمام فضائی حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔