بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 11 ہزار سے زائد ملازمین کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی فراہمی شروع

image

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لیے ایک بڑے اور تاریخی اقدام کا آغاز کرتے ہوئے 11 ہزار سے زائد ملازمین کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی فراہمی شروع کردی ہے۔ اس اقدام کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے والی پاکستان کی پہلی کونسل بن گئی ہے۔

اس اسکیم کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین ملک بھر کے 200 سے زائد نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے سے لے کر 6 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروا سکیں گے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر ملازمین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پہلی مرتبہ حکومت بنانے کا موقع ملا ہے، جس کے بعد ہم نے ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل پر خاص توجہ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور طبقے کی آواز کو اعلیٰ ایوانوں میں بلند کیا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈز کی فراہمی سے قبل گزشتہ دنوں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں سفری سہولیات میسر آسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US