پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ انتقال کر جانے والے افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل سمز کو فوری طور پر بلاک کرایا جائے یا قانونی ورثا کے نام منتقل کیا جائے تاکہ ان کے ممکنہ غلط استعمال کو روکا جاسکے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز صرف خون کے رشتے داروں یا شریک حیات کے نام چینج آف اونرشپ کے مقررہ طریقہ کار کے تحت منتقل کی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق سم کی منتقلی کے لیے اہل خانہ کو متعلقہ موبائل کمپنی کے قریبی کسٹمر سروس سینٹر یا مجاز فرنچائز سے رجوع کرنا ہوگا۔ اس عمل کے دوران فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، اصل سم اور سم کے استعمال سے متعلق شواہد فراہم کرنا ضروری ہوں گے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بروقت بلاک یا منتقل نہ کرانے کی صورت میں ان کے غلط استعمال کا خطرہ موجود رہتا ہے، جس سے قانونی اور سیکیورٹی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے زور دیا ہے کہ عوام اس حوالے سے فوری اقدامات کریں تاکہ سمز کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے ساتھ ساتھ موبائل سروسز کا قانونی تسلسل بھی برقرار رکھا جاسکے۔