وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو قومی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملے پر تعاون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ بھی شریک تھے۔