محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کے احکامات پر ضلع ملیر پولیس اور رینجرز کی جانب سے ایک مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔
اس مشترکہ فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے کی، جس میں ضلع ملیر ڈویژن کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، اور پولیس و رینجرز کے افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
فلیگ مارچ کے دوران پولیس اور رینجرز کے مسلح جوانوں کے قافلے ضلع ملیر کی مختلف اہم شاہراہوں سے گزرے۔ اس موقع پر علاقے کے حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، جبکہ افسران نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے لیے جاری کردہ سیکیورٹی ہدایات کا معائنہ بھی کیا۔
حکام کے مطابق اس فلیگ مارچ کا مقصد عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا اور سیکیورٹی اداروں کی موجودگی کو نمایاں کرنا ہے۔ ضلع ملیر پولیس محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔