کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی جزوی ہڑتال کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مختلف بس روٹس پر گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے ای چالان اور ٹرانسپورٹ سبسڈی نہ ملنے کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔ ہڑتال کے باعث شہر میں معمول کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد کم پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نظر آ رہی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں شہری بس اسٹاپس پر گاڑیوں کے انتظار میں کھڑے دکھائی دیے جبکہ متعدد افراد بروقت اپنے دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات تک نہ پہنچ سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں پہلے ہی پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی ہے، ہڑتال کے باعث جو محدود سہولت دستیاب تھی وہ بھی متاثر ہو گئی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔