تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا، علی پرویز ملک

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے جس کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں کامیاب ثابت ہو رہی ہیں جبکہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف ہفتہ وار فارمولہ مرتب کرے گی۔

علی پرویز ملک کے مطابق نئے فارمولے کے تحت عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کی وجوہات سے مکمل آگاہی حاصل ہوگی، جبکہ قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید شفاف اور قابلِ فہم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فارمولے کو تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بلا تعطل برقرار رکھا اور اس دوران کسی بڑی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان توانائی سلامتی کی حکمت عملی کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں قومی مفادات کے تحفظ اور توانائی کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US