وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی-8 میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سینیٹر حافظ حمداللہ کی گاڑی کو موٹر سائیکل سے تصادم کا حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی سینیٹر حافظ حمداللہ کے بیٹے کے زیرِ استعمال تھی۔ تصادم کے بعد زخمی ہونے والی خاتون اور دونوں بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل مبینہ طور پر غلط سمت سے آ رہا تھا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ تاہم واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے متعلقہ حکام نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
حادثے کے بعد علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی کچھ وقت کے لیے متاثر رہی۔