ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

image

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جو ملک کے انشورنس سیکٹر میں اصلاحات اور انشورنس کوریج کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

بینک کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد انشورنس تحفظ کے موجودہ خلا کو کم کرنا اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے، تاکہ مالیاتی نظام کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنایا جاسکے۔ اے ڈی بی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انشورنس کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق یہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام معیشت کو جھٹکوں سے محفوظ بنانے، رسک مینجمنٹ کو بہتر کرنے اور مالیاتی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پروگرام کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے تحفظ کے لیے جدید انشورنس نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

بینک نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سیٹلائٹ بیسڈ رسک اسسمنٹ، ڈیجیٹل انشورنس سہولیات اور انشورنس کلیمز کے نظام کو بہتر بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں، جس سے شہریوں کو سہولت اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔

اے ڈی بی کے مطابق یہ اصلاحات پاکستان میں انشورنس کے روایتی نظام کو جدید، رسک بیسڈ اور ڈیجیٹل ماڈل میں تبدیل کرنے میں مدد دیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بچت، سرمایہ کاری، بانڈ مارکیٹ اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

بینک نے مزید کہا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان میں ایک مسابقتی، جامع اور مضبوط انشورنس مارکیٹ کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، جبکہ ایشیا اور بحرالکاہل میں پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے اے ڈی بی اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US