کراچی کے علاقے نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 15 سالہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا ماموں شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر موجود مشتعل ہجوم نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ڈرائیور کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ علاقے میں کشیدگی پھیلنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو ہجوم سے چھڑایا اور اسے زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، جبکہ حادثے کا سبب بننے والے ٹریلر کو بھی ضبط کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے شجاع آباد سے تھا۔ متوفی کے ماموں غلام فرید کے مطابق اصغر پیشے کے اعتبار سے کارپینٹر تھا اور اپنے تین بھائیوں میں سب سے بڑا ہونے کے ناطے گھر کا واحد سہارا تھا۔ حادثے کے وقت وہ اپنے ماموں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر یو پی موڑ کی طرف جا رہا تھا کہ اس لرزہ خیز واقعے کا شکار ہوگیا۔