19جون کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان

image

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو نمایاں ریلیف دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، جس کا باقاعدہ اعلان جمعہ 19 جون کی رات کو متوقع ہے۔

انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی پیٹرولیم مصنوعات عرب لائٹ اور دبئی کروڈ سے خریدتا ہے۔ عالمی سطح پر جنگ بندی کے بعد سے اب تک عرب لائٹ اور دبئی کروڈ کی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے، جس کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر ماضی کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو جنگ شروع ہونے سے قبل 28 فروری کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل تھی، اور اس وقت پاکستان میں پیٹرول 266 روپے جبکہ ڈیزل 268 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا تھا۔ جنگ کے دوران قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا، تاہم اب عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل گرنے کے بعد 74 سے 77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر واپس آچکی ہیں۔

دوسری جانب، عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آنے کے باوجود پاکستان میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 375 سے 380 روپے فی لیٹر کے درمیان کی بلند سطح پر برقرار ہیں۔

انڈسٹری ذرائع کے مطابق اس تفاوت کی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں کیا گیا اضافہ ہے، جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کا اس حساب سے براہِ راست فائدہ اب تک عوام کو منتقل نہیں ہوسکا ہے۔ تاہم، 19 جون کو متوقع فیصلے سے عوام کو بڑی راحت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US