کراچی کے قدیم علاقے لیاری چاکیواڑہ میں واقع لیاری ٹاؤن آفس کے بالکل باہر سیوریج کا گندا پانی سڑکوں پر بہنے لگا ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں، راہگیروں اور مسافروں کو شدید سفری اور ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔
مکینوں اور وہاں سے گزرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جمع گندے پانی کی وجہ سے نہ صرف آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے، بلکہ علاقے میں شدید تعفن اور بدبو پھیل چکی ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے علاقے میں مختلف وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی لمحہ بہ لمحہ بڑھتا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے دفتر کے سامنے ہی موجود اس سنگین مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج کے اس دیرینہ اور تکلیف دہ مسئلے کو فوری حل کیا جائے تاکہ عوام کو روزمرہ کی اس اذیت سے مستقل نجات مل سکے۔