وزیر مذہبی امور اور ترک سفیر کی ملاقات، پاکستان-ترکیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

image

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے پاکستان میں تعینات ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں ترکیہ کے مذہبی امور کے اتاشی ڈاکٹر عبدالرحمن اکوش، ٹیکا پاکستان کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا اور ترک ہلال احمر کی نمائندہ بھی شریک تھیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مشترکہ مذہبی و تہذیبی ورثے اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے ذریعے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں قومیں ہر مشکل اور خوشی میں ایک دوسرے کی حقیقی شریک ہیں۔

وفاقی وزیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ترک قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی عالمی اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے سفارتی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات، رواداری، اعتدال اور اعلیٰ اخلاقی اقدار سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک پرامن اور متوازن معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جاسکے۔

ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو پوری امت مسلمہ کی مضبوطی تصور کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک بھر میں 700 سے زائد فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں۔

ترک سفیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

ملاقات کے دوران ترک وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک دوستی، تعاون اور شراکت داری کے ذریعے ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کرتے رہیں گے۔ وفد نے حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US