نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کی ایک اور روشن مثال قائم کرتے ہوئے 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان بحفاظت اصل مالک کے حوالے کردیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گوادر کے قریب دورانِ پیٹرولنگ موٹروے پولیس کے افسران کو سڑک کنارے ایک لاوارث بیگ ملا، جس میں بیش قیمت سونے کے زیورات اور دیگر سامان موجود تھا۔ افسران نے فوری طور پر بیگ کو حفاظتی تحویل میں لے کر اس کے مالک کی تلاش شروع کردی۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی کوششوں کے باوجود مالک کا سراغ نہ ملنے پر سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع کے ذریعے آگاہی مہم چلائی گئی۔ حقیقی مالک کی شناخت یقینی بنانے کے لیے بیگ میں موجود قیمتی سامان کی تفصیلات صیغۂ راز میں رکھی گئیں۔
بعدازاں ایک شخص نے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا اور بیگ کے بارے میں درست معلومات فراہم کیں۔ قانونی اور تصدیقی مراحل مکمل ہونے کے بعد بیگ میں موجود 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر سامان اصل مالک کے حوالے کردیا گیا۔
مالک نے قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کے دوران بیگ سڑک پر گر گیا تھا اور اسے اس بات کا علم بھی نہیں ہوسکا تھا۔
دریں اثنا، ڈی آئی جی ویسٹ زون بلوچستان ڈاکٹر قریش خان نے عمدہ کارکردگی پر متعلقہ افسران کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے افسران کی ایمانداری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موٹروے پولیس عوامی خدمت، قانون کی پاسداری اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان محفوظ بنا کر اس کے اصل مالک تک پہنچایا گیا۔