امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں پر عائد ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے، تاہم مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے امریکی بحری جہاز خطے میں موجود رہیں گے۔
امریکی فوج کے مطابق خطے میں بحری موجودگی کا مقصد معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کی نگرانی اور سمندری راستوں پر استحکام برقرار رکھنا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور بحری راستوں کی بحالی کے اقدامات اسلام آباد معاہدے کے تحت انجام دیے جائیں گے۔
سپریم سیکیورٹی کونسل کے مطابق پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے اجازت نامے جاری کرے گی، جبکہ تمام بحری جہازوں کو مقررہ راستوں اور اوقات کار کی پابندی کرنا ہوگی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد خطے میں محفوظ بحری نقل و حمل کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی تجارت کی روانی برقرار رکھنا ہے۔