لاہور ہائیکورٹ نے وراثتی اور جانشینی سرٹیفکیٹ سے متعلق مقدمات میں اپیل کے فورم کے تعین کے حوالے سے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وراثتی جائیداد کی مالیت اپیل کے فورم کا تعین نہیں کرتی، بلکہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے مقدمات میں اپیل کا فورم سکسیشن ایکٹ کے تحت طے ہوگا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سکسیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق مقدمات پر عام دیوانی مقدمات کی مالی حدود کا اطلاق نہیں ہوتا۔ فیصلے کے مطابق سکسیشن ایکٹ ایک خصوصی قانون ہے اور اس کی شقیں عام قوانین پر فوقیت رکھتی ہیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ضلع جج نے مالی دائرہ اختیار کی بنیاد پر اپیل واپس کر کے قانونی غلطی کی۔ عدالت نے اس اقدام کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اپیلٹ کورٹ کی جانب سے اپیل واپس کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے وراثتی سرٹیفکیٹ کیس میں دائر نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے جانشینی سرٹیفکیٹ سے متعلق اپیل کو دوبارہ بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپیل کو اس کے اصل نمبر پر بحال کرتے ہوئے متعلقہ فورم کو ہدایت کی کہ مقدمے کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ وراثتی مقدمات میں اپیل کے فورم سے متعلق موجود قانونی ابہام کو دور کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے معاملات میں قانونی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے۔
یہ سات صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ راحیل کامران شیخ نے جاری کیا۔