قومی اسمبلی نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے حوالے سے تہنیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی، جس میں مذاکرات کی کامیابی کو عالمی اور علاقائی امن کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں ایران اور امریکا کے درمیان کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور پوری سفارتی ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری نے ملک کو عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد، غیرجانبدار اور ذمہ دار ثالث کے طور پر منوایا ہے۔ ایوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے مثبت، تعمیری اور امن پسند عالمی کردار کو سراہا۔
قومی اسمبلی نے قرارداد میں عالمی امن، علاقائی استحکام، مذاکرات اور مصالحتی سفارت کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران امریکا امن معاہدے کو خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
ایوان نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے فعال، ذمہ دارانہ اور مصالحتی کردار کو قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں کی جانے والی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔