کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس، اہم تقرریوں اور معاہدوں کی منظوری

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات (CCoSOEs) کا اجلاس وزارت خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے انتظامی و گورننس امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری سمیت متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز، ریگولیٹری اداروں اور سرکاری کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزارت بحری امور کی جانب سے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد سرکاری ادارہ جات (گورننس اینڈ آپریشنز) ایکٹ 2023 اور متعلقہ گورننس فریم ورک کے مطابق مجوزہ تقرریوں کی منظوری دے دی۔

کمیٹی نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری کا بھی جائزہ لیا، جس میں ڈسکوز (WX-DISCOs) کے حوالے سے پبلک سروس آبلیگیشن (PSO) معاہدے کی منظوری طلب کی گئی تھی۔ کمیٹی نے حکومتِ پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے درمیان طے شدہ شرائط و ضوابط کی روشنی میں عوامی خدمات سے متعلق ذمہ داریوں کو بروقت باضابطہ شکل دینے کے لیے معاہدے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے انڈیجینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (IRADA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تقرریوں سے متعلق سمری بھی زیر غور آئی۔ کمیٹی نے اس سمری کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ آئی آر اے ڈی اے کا قیام رواں سال جنوری میں دفاع، صنعت اور تعلیمی شعبوں میں معیاری تحقیق کے فروغ کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔

اجلاس میں سرکاری اداروں میں مؤثر گورننس، شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US