پنجاب اسمبلی: اپوزیشن لیڈر کی بجٹ پر تنقید، تعلیم اور زراعت پر سوالات

image

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے صوبائی بجٹ پر بحث کے دوران حکومت کی معاشی اور زرعی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں معاشی مشکلات اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ بعض والدین بچوں کی تعلیمی فیسیں ادا نہ کرسکنے کے باعث انتہائی اقدامات پر مجبور ہو رہے ہیں۔

بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معین ریاض قریشی نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی تعلیم کے فروغ کے دعوے کیے گئے ہیں، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے اور کسان معاشی مشکلات کے باعث بدحالی کا سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود گندم درآمد کی گئی، جس سے مقامی کاشتکاروں کو نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں گندم برآمد کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی جس سے قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ پیدا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بیرون ملک سے درآمد کی گئی گندم نے مقامی کسانوں کے مفادات کو متاثر کیا، جبکہ کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں شوگر ملوں کے قیام سے کپاس کی کاشت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے انتخابی عمل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انتخابی نتائج کے عمل پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US