پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کی منظوری، نظام ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

image

وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کی منظوری دے دی ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج نظام میں کوٹہ کی بجائے کارکردگی اور کمپلائنس پر مبنی نظام نافذ کیا جائے گا۔

پالیسی کے مطابق موجودہ حج آپریٹرز کی دوبارہ جانچ لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ پرائیویٹ حج کوٹہ ’’پہلے آئیں، پہلے پائیں‘‘ کی بنیاد پر مختص کیا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت ہر حج آپریٹر کے لیے کم از کم 2 ہزار حجاج کی بکنگ لازمی ہوگی، بصورت دیگر کمپنی کو غیر فعال قرار دے دیا جائے گا۔ ناکام کمپنیوں کی نصف سیکیورٹی ضبط کر لی جائے گی اور متاثرہ حجاج کو خودکار طور پر دوسری کمپنیوں میں منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق تمام حج کمپنیوں کی آزاد ماہرین کے ذریعے جانچ اور درجہ بندی کی جائے گی جبکہ لائسنس تین سال کے لیے جاری کیے جائیں گے۔ کوٹہ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کارٹل سازی و اجارہ داری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج آپریشنز مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چلائے جائیں گے اور حج بکنگ صرف پرائیویٹ حج مینجمنٹ پورٹل (PHMP) کے ذریعے کی جاسکے گی، جو نادرا اور اسٹیٹ بینک سے منسلک ہوگا۔

دستی بکنگ اور کیش لین دین پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ حج کمپنیاں حجاج کے فنڈز اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گی۔ سعودی عرب میں تمام ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے براہ راست کی جائیں گی اور سعودی سروس فراہم کنندگان کو ادائیگیاں بھی براہ راست منتقل ہوں گی۔

ترجمان نے کہا کہ نئی پالیسی کا مقصد شفافیت، احتساب اور حجاج کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے جبکہ پاکستان کا پرائیویٹ حج نظام سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US