وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران امریکا معاہدے پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم نے بھی تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد پیش کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی انتھک محنت سے یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکسی برقرار رکھی جائے گی اور امن عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جامع اقتصادی پیکج کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اور امریکا کے باقی ماندہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی حمایت کو امن معاہدے کی کامیابی میں اہم قرار دیا اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔