اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
جورجیا میلونی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کی سیاسی مقبولیت کا انحصار کسی بھی غیر ملکی رہنما، بشمول ڈونلڈ ٹرمپ، کے ساتھ تعلقات پر نہیں بلکہ اٹلی کے قومی مفادات کے تحفظ اور اپنی حکومت کی کارکردگی پر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی مقبولیت پر اٹھائے گئے سوالات غیر ضروری ہیں اور اس کے بجائے توجہ اپنی داخلی پالیسیوں اور سیاسی صورتحال پر دی جانی چاہیے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران اٹلی کی وزیراعظم ان سے بار بار تصاویر بنوانے کی درخواست کرتی رہیں تاکہ اپنی مقبولیت میں اضافہ کر سکیں۔ اس بیان کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوئی۔