جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسرائیلی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج کو بلیو لائن کے قریب بعض علاقوں سے مرحلہ وار انخلا پر آمادہ کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انخلا کے مقامات کے تعین کے لیے اسرائیلی اور لبنانی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رہے گا، جس کے تحت آئندہ مرحلے میں سرحدی علاقوں کی صورتحال کو منظم کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے زیرِ قبضہ علاقوں کو مرحلہ وار لبنانی فوج کے حوالے کرنے کا امکان ہے، جبکہ اس عمل کو باقاعدہ فریم ورک کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
دوسری جانب ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے جنوبی لبنان میں مکمل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے انخلا کی شرط عائد کی تھی۔
واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے پہلے مرحلے کے بعد پاکستان اور قطر کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان آئندہ 60 روز میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ تکنیکی سطح کے مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ لبنان میں جنگ بندی اور فوجی سرگرمیوں کے خاتمے کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ”ڈی کنفلیکشن سیل“ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست رابطوں کے لیے ایک نیا فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے۔