ایران امریکا مذاکرات: 60 روزہ روڈ میپ منظور، نگرانی کیلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق

image

پاکستان اور قطر کی ثالثی میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ایران اور امریکا کے مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں فریقین کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ کی منظوری دے دی ہے جبکہ مذاکراتی عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں گے، جبکہ یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں برگن اسٹاک میں جاری رہے گا۔ اعلامیے میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک رابطہ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق امور کے لیے الگ الگ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، جبکہ لبنان میں جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ایک ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس میں لبنان اور ثالث ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق ثالث ممالک مذاکرات کو تعمیری انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ نگرانی کے لیے قائم کی گئی کمیٹی مجموعی مذاکراتی عمل کی نگرانی کرے گی، جبکہ چیف مذاکرات کار اس کمیٹی کو باقاعدگی سے رپورٹ پیش کریں گے۔

چیف مذاکرات کار جوہری پروگرام، پابندیوں، نگرانی اور تنازعات کے حل سے متعلق ورکنگ گروپس کی قیادت کریں گے تاکہ معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد ثابت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US