متحدہ عرب امارات کی براہموس میزائل اور آکاشتیر دفاعی نظام کے لیے بھارت سے مذاکرات

image

متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان براہموس سپرسانک کروز میزائلوں کی ممکنہ خریداری کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بات چیت ابتدائی مرحلے میں ہے، تاہم مذاکرات میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے براہموس میزائل کے ساتھ ساتھ بھارت کے جدید فضائی دفاعی نظام آکاشتیر میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تاہم اس حوالے سے بھارتی حکام اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

براہموس بھارت اور روس کا مشترکہ دفاعی منصوبہ ہے اور اسے دنیا کے تیز ترین کروز میزائلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ میزائل زمین، سمندر اور فضا سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب آکاشتیر ایک خودکار فضائی دفاعی نظام ہے جسے بھارت کی سرکاری دفاعی کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ اور بھارتی فوج نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور ایرانی حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اسلحے کے حصول کے منصوبوں کو تیز کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ آبنائے ہرمز، جو توانائی کی عالمی ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے، کے تحفظ کو بھی ابوظبی اپنی ترجیحات میں شامل کررہا ہے۔

ماہرین کے مطابق براہموس میزائل کی ممکنہ فروخت کے لیے روس کی منظوری ضروری ہوگی کیونکہ یہ بھارت اور روس کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ تاہم دونوں ممالک کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعلقات کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے کسی بڑی رکاوٹ کا امکان کم ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دفاعی ذخیرے میں پہلے ہی امریکی ساختہ MGM-168 ATACMS بیلسٹک میزائل، تھاد اور پیٹریاٹ جیسے جدید فضائی دفاعی نظام شامل ہیں، تاہم خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت کے بعض اسلحہ برآمدی معاہدے ماضی میں مکمل نہیں ہو سکے، تاہم خلیجی ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کو جدید دفاعی نظاموں کی فروخت کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US