امریکا نے اپنے جدید دفاعی نظام ”گولڈن ڈوم“ کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا، جس کے دوران نظام نے مختلف خطرات کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے تجربے کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گولڈن ڈوم نے متعدد ممکنہ خطرات کا مؤثر انداز میں سراغ لگایا اور تمام اہداف کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آزمائش مقررہ وقت کے مطابق مکمل کی گئی اور نظام نے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ انہیں گولڈن ڈوم کے تجربے کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے اسٹریٹجک ڈیفنس انیشی ایٹو کے تصور کو عملی شکل دے رہے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع کے مطابق گولڈن ڈوم دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا اور اس کی بدولت امریکی محکمہ دفاع پہلے سے زیادہ مؤثر اور طاقتور انداز میں قومی سلامتی کے تقاضے پورے کرسکے گا۔