عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کسی نہ کسی مرحلے پر ضرور کیا جائے گا، چاہے یہ عمل فوری طور پر ہو یا بعد میں۔
رافیل گروسی نے اپنے بیان میں کہا کہ جوہری تنصیبات کے معائنے کا عمل ناگزیر ہے اور ایجنسی مناسب وقت پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تہران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی معائنہ کار مناسب وقت پر ایران کا دورہ کریں گے۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران، امریکی اور اسرائیلی حملوں سے متاثرہ فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت آئی اے ای اے کو نہیں دے گا۔
اسماعیل بقائی نے سوئٹزرلینڈ میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے ساتھ کسی ملاقات کی خبروں کی بھی تردید کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منجمد ایرانی اثاثوں کے حوالے سے کہا کہ ان فنڈز کے استعمال کے معاملے میں ایران کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔