امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا دیگر محصولات عائد کیے جانے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا کوئی اضافی محصول نہ تو طلب کیا جا رہا ہے اور نہ ہی وصول کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران کی جانب سے کئی معاملات میں لچک اور رعایت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو اس وقت خوراک کی فوری ضرورت ہے اور امریکا زرعی مصنوعات کی فراہمی کے لیے خریداری کے انتظامات کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اس معاملے سے متعلق غلط معلومات اور گمراہ کن رپورٹس دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کو متاثر کرسکتی ہیں اور ان کی معطلی کا سبب بن سکتی ہیں۔