وینزویلا میں تباہ کن زلزلے، ہلاکتیں 235 تک پہنچ گئیں

image

وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہو گئی ہے اور 1500 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں یکے بعد دیگرے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو بڑے زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن سے عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 235 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

دارالحکومت کاراکس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، جس کے باعث ہزاروں شہری کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید زلزلے سے کاراکس ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا، جس کے بعد فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔

وینزویلا کی قائم مقام صدر نے زلزلہ متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ہفتے مزید 5 شدت تک کا زلزلہ آنے کا امکان موجود ہے۔

دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کی مدد کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں، جبکہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک لاکھ یورو کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US