مجھے لگتا ہے کہ سنگل رہنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو اپنی روزمرہ زندگی کے بارے میں کسی کو جواب دہ نہیں ہونا پڑتا۔ آپ اپنی مرضی سے زندگی گزارتے ہیں، صرف اپنی ذمہ داری اٹھاتے ہیں، کسی پر انحصار نہیں کرتے اور غیر ضروری ذہنی دباؤ بھی نہیں ہوتا۔ جب چاہیں سو جائیں، جب چاہیں کہیں بھی گھومنے نکل جائیں، کسی بھی وقت چھٹیاں پلان کر لیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ گھریلو معاملات اور روزمرہ کے تنازعات سے بھی نہیں گزرنا پڑتا، نہ سوال ہوتے ہیں اور نہ ہی جواب دینے پڑتے ہیں۔
جہاں تک لڑکیوں کی بات ہے تو مجھے بدتمیزی یا ضرورت سے زیادہ اونچی آواز میں بات کرنے والی لڑکیاں بالکل پسند نہیں۔ اکثر ڈراموں اور فلموں میں ایسی لڑکیوں کو بہت پیارا اور مزاحیہ دکھایا جاتا ہے جیسے لڑکے انہیں بہت پسند کرتے ہوں، لیکن میرے لیے یہ بالکل کشش نہیں رکھتا۔ میرے نزدیک اچھے اخلاق اور تمیز سب سے اہم چیز ہیں۔ اگر کوئی شخص خوبصورت بھی ہو لیکن اس کے رویے میں بدتمیزی ہو تو وہ میرے لیے بہت بڑا منفی پہلو ہے۔
میں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ کچھ لوگ اپنے رویے کی ذمہ داری لینے کے بجائے اسے درست ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر غلطی ہو جائے تو سادہ الفاظ میں مان لینا چاہیے کہ ہاں، مجھ سے غلطی ہوئی۔ بات وہیں ختم ہو جانی چاہیے۔ لیکن بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ اگر کسی سے کوئی چیز ٹوٹ جائے تو وہ فوراً تسلیم نہیں کرتے بلکہ انتظار کرتے ہیں کہ دوسرا بھی ویسی ہی غلطی کرے تاکہ بعد میں اسی انداز میں اسے طعنہ دیا جا سکے۔ یہ وہ چیز ہے جو میں نے اپنی زندگی میں دیکھی ہے اور مجھے بالکل پسند نہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں اشرف نے اپنی شادی نہ ہونے کی وجہ سنگل زندگی کے فوائد اور مستقبل کی شریکِ حیات سے متعلق اپنی پسند و ناپسند پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے، جس کے بعد ان کے بیانات سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
ہمایوں اشرف حال ہی میں فوشیا میگزین کے یوٹیوب شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق کئی دلچسپ سوالوں کے جواب دیے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ فی الحال وہ سنگل زندگی سے مطمئن ہیں کیونکہ اس میں آزادی، سکون اور اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا موقع ملتا ہے۔
اداکار نے خواتین میں ان رویوں کا بھی ذکر کیا جو انہیں ناگوار گزرتے ہیں۔ ان کے مطابق بدتمیزی، غیر ضروری بلند آواز میں بات کرنا، اپنی غلطی تسلیم نہ کرنا اور بعد میں طعنے دینے کی عادت ایسے منفی رویے ہیں جنہیں وہ کسی بھی رشتے کے لیے مناسب نہیں سمجھتے۔
واضح رہے کہ ہمایوں اشرف گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث خاصی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ بالخصوص منفی کرداروں میں ان کی پرفارمنس کو ناظرین اور ناقدین دونوں نے خوب سراہا، جبکہ ان دنوں وہ اپنے نئے ڈرامے "ماہ نور" میں اداکاری کے باعث بھی داد وصول کر رہے ہیں۔