گھر سے دوست کی لاش ملنے کے بعد بھارتی اداکارہ کا پہلا جذباتی بیان

image

بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس (کناڈا) کی امیدوار کرشی تھاپنڈا نے اپنے گھر سے بزنس مین دوست ویشک کی لاش ملنے کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنا پہلا جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں اور میڈیا سے قیاس آرائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

37 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں اتنے تکلیف دہ واقعے پر عوامی طور پر وضاحت دینی پڑے گی، اور فی الحال ان میں اتنی ہمت یا ذہنی طاقت نہیں ہے کہ وہ اس سانحے کو دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ابتدا میں انہوں نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن دونوں خاندانوں اور دوستوں سے کیے جانے والے بار بار کے سوالات اور بڑھتی ہوئی افواہوں کی وجہ سے انہیں حقیقت بیان کرنی پڑی۔

کرشی تھاپنڈا نے اپنے دوست کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے مخلص شخص کو کھو دیا ہے جو ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہا اور جس کے جانے سے ان کی زندگی میں ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے سب سے درخواست کی کہ مرحوم کے خاندان اور دوستوں کے غم کا احترام کرتے ہوئے انہیں اس مشکل وقت میں رازداری فراہم کی جائے اور ویشک کو بعد از مرگ سکون سے آرام کرنے دیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US