حکومت پنجاب نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں جاں بحق 14 بچوں کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کردیا ہے، جبکہ زخمیوں کو 5،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کے مطابق حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور جاں بحق بچوں کے والدین کو فوری مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ 8 بچے اور خاتون ٹیچر انیلا زخمی ہوئیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب کاہنہ سانحے کے بعد ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور بھر میں غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تمام متعلقہ افسران کو تین روز کے اندر شہر بھر میں قائم ایسے مراکز کی تفصیلات مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گھروں کو بغیر اجازت کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ غیرقانونی ٹیوشن سینٹرز کو سیل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔