پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں تاہم اس بار وجہ ان کی وائرل ویڈیوز نہیں بلکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ملنے والا اعزاز ہے۔ اداکارہ کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایک تقریب کے دوران "خواتین کے احترام اور ذمہ دار میڈیا کے لیے عوامی آواز" کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اس موقع پر فضا علی کے ہمراہ ان کے برطانیہ میں مقیم شوہر اعجاز خان اور بیٹی بھی موجود تھے۔ تقریب میں اعزاز وصول کرتے ہوئے اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔
یاد رہے کہ فضا علی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی شادی کے بعد مسلسل خبروں میں ہیں۔ وہ اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ اکثر مزاحیہ ریلز اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جن میں کبھی باغ میں قلابازیاں لگاتی نظر آتی ہیں تو کبھی شوہر کی پیٹھ پر سوار ہو کر ویڈیوز بناتی ہیں۔ یہی ویڈیوز انہیں آئے روز سوشل میڈیا پر زیر بحث رکھتی ہیں۔
تاہم برطانوی پارلیمنٹ میں ملنے والے اس اعزاز کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ انہیں یہ اعزاز کس بنیاد پر دیا گیا۔ بعض صارفین نے طنزیہ تبصرے کیے جبکہ کچھ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے احترام اور ذمہ دار میڈیا کے حوالے سے ان کی نمایاں خدمات سے واقف نہیں ہیں۔
دوسری جانب فضا علی کے مداحوں نے انہیں اس اعزاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پاکستانی فنکار کا بین الاقوامی سطح پر اعزاز حاصل کرنا خوش آئند بات ہے جبکہ ناقدین بدستور اس اعزاز کی نوعیت اور اس کے معیار پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔