برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں جون 2026 کو 1884 سے شروع ہونے والے ریکارڈ کے مطابق ملک کی تاریخ کا دوسرا گرم ترین جون قرار دیا گیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے دوران برطانیہ اور ویلز میں اوسط درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملک میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے واضح رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں رات کے وقت بھی درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرمی کی شدت صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ کے علاقے سرے کے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو جون کے مہینے میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل 1976 میں جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔