شادیوں میں گانے سے سپر اسٹار بننے تک، دلجیت دوسانجھ کی جدوجہد کی داستان

image

بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی ابتدائی جدوجہد کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ مالی مشکلات کے باعث شادیوں اور سالگرہ کی تقریبات میں معمولی معاوضے پر پرفارم کیا کرتے تھے۔

ایک انٹرویو میں 42 سالہ دلجیت دوسانجھ نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جہاں مالی حالات انتہائی کمزور تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے بھی پیسے نہیں ہوتے تھے جس نے انہیں سخت محنت کرنے کا حوصلہ دیا۔

دلجیت نے بتایا کہ ان کا پہلا البم "عشق دا اڈا اڈا" 2002 میں ریلیز ہوا، جس کے بعد انہیں سالگرہ اور شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کی پیشکشیں ملنا شروع ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار روپے کے عوض بھی پرفارم کرنے کے لیے فوراً تیار ہو جاتے تھے اور کبھی کسی پیشکش کو ٹھکرایا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لائیو پرفارمنسز ہی ان کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئیں۔

دلجیت دوسانجھ نے مزید بتایا کہ اگرچہ پنجابی موسیقی کی صنعت کے بعض سینئر فنکار شادیوں میں پرفارم کرنے کو اچھا نہیں سمجھتے تھے، لیکن انہوں نے اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ہر موقع سے فائدہ اٹھایا، جس کی بدولت آج وہ بھارتی موسیقی اور فلمی صنعت کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US