پاکستان میں مالی سال 26-2025 کے دوران کارپوریٹ سیکٹر میں نمایاں ترقی ریکارڈ کی گئی۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ایک سال میں 43 ہزار 559 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 1 ہزار 615 ہوگئی ہے۔ جون 2026 میں 4 ہزار 323 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو ایک ہی ماہ میں رجسٹر ہونے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 22 ہزار 364، سندھ میں 6 ہزار 691، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 820، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 585 اور بلوچستان میں 759 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں رجسٹریشن میں 65 فیصد جبکہ بلوچستان میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی 41 فیصد کمپنیاں ٹریڈنگ سیکٹر سے تعلق رکھتی ہیں۔ مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی ایک ہزار 14 کمپنیاں رجسٹر کروائیں، جن کا ادا شدہ سرمایہ 2.5 ارب روپے ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ تر ٹریڈنگ، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ کمپنیاں چینی سرمایہ کاروں نے رجسٹر کروائیں۔ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور اسپین کے سرمایہ کار بھی نمایاں رہے۔