پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3,366 پوائنٹس کا بڑا اضافہ، آج بھی کاروبار کا مثبت اختتام

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں خریداروں کی دلچسپی برقرار رہنے کے باعث مثبت رجحان غالب رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 2 فیصد اضافے کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا۔

امریکی کانگریس کے انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو متوقع نقصان کے باعث ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں مزید شدت آنے کے خدشات کم ہونے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر خریداری کی گئی۔

کاروباری دن کے آغاز پر انڈیکس نے مثبت رفتاردیکھی اور دورانِ کاروبار بلند ترین سطح 176,604.51 پوائنٹس کو چھو گیا۔ بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے حصص کی فروخت شروع ہونے پر مارکیٹ میں کمی دیکھی گئی اور انڈیکس دورانِ کاروبار کی کم ترین سطح 174,291.25 پوائنٹس تک گر گیا۔ تاہم، دوپہر کے قریب مارکیٹ میں ایک بار پھر خریداری کا رجحان غالب آ گیا اور انڈیکس میں نمایاں بحالی ہوئی۔

کاروبار کے آخری گھنٹے میں بھی انڈیکس نے رفتار پکڑی، اور اگرچہ اختتامی لمحات میں منافع کے حصول کے لیے معمولی فروخت ریکارڈ کی گئی، تاہم مارکیٹ مضبوطی کے ساتھ مثبت زون میں بند ہونے میں کامیاب رہی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3,366.38 پوائنٹس یعنی 1.96 فیصد اضافے کے ساتھ 175,379.86 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس سے قبل بدھ کے روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد جغرافیائی سیاسی خدشات کم ہونے کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جہاں انڈیکس 3,994.62 پوائنٹس یا 2.38 فیصد اضافے کے ساتھ 172,013.48 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US